اسلام آباد ۔ 10 مئی (اے پی پی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کیلئے تاریخی ہے۔ آج جو بھی فیصلے ہوئے وہ اداروں کی پختگی، وزیراعظم کی مدبرانہ سوچ اور عسکری قیادت کی فراست کا نتیجہ ہیں جس سے ملک میں آئین وقانون کی بالادستی ہوئی اور پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔جمہوریت ہی پاکستان کو مستحکم کرنے …
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو اورعرفان صدیقی کی کتاب ”یارانِ وطن“ کی تقریب رونمائی سے خطاب
اسلام آباد ۔ 10 مئی (اے پی پی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کیلئے تاریخی ہے۔ آج جو بھی فیصلے ہوئے وہ اداروں کی پختگی، وزیراعظم کی مدبرانہ سوچ اور عسکری قیادت کی فراست کا نتیجہ ہیں جس سے ملک میں آئین وقانون کی بالادستی ہوئی اور پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔جمہوریت ہی پاکستان کو مستحکم کرنے کا واحد راستہ ہے، اس فیصلے کو عالمی میڈیا نے بھی بہتر انداز میں پیش کیا، آنے والا دور صرف خوشخبری کا دور ہے جمہوریت پھلے پھولے گی اور ادارے مضبوط ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں مقامی ہوٹل میں عرفان صدیقی کی کتاب ”یارانِ وطن“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کر تے ہوئے وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ایک مرتبہ پھر صبر و تحمل کے ساتھ صورتحال کو آگے لے کر چلے اور ثابت کیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) ہی نہیں پوری قوم کے لیڈر اور بہترین اسٹیٹس مین ہیں، آج جو بھی فیصلے ہوئے ہیں وہ کسی فرد یا ادارے کی نہیں بلکہ پاکستان، قانون اور آئین کی جیت ہوئی ہے۔۔ عرفان صدیقی کی کتاب تقریب رونمائی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان، جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی اعزازی مہمان تھے۔وزیرمملکت نے کہا کہ آج کی کتاب کی رونمائی بھی اسی عمل کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلم کے ذریعے ملک میں ہونے والی ترقی، دہشتگردی پر قابو پانے، توانائی بحران سے نمٹنے سمیت دیگر اقدامات کو مثبت انداز سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔









