پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) کی جانب سے منشیات سے پاک ،صحت مند اور محفوظ پنجاب کے ویژن کے تحت منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے
پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون

مزید خبریں
لاہور۔10اگست (اے پی پی):پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) کی جانب سے منشیات سے پاک ،صحت مند اور محفوظ پنجاب کے ویژن کے تحت منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس نے صوبے کے مختلف اضلاع میں40 آپریشنز کرتے ہوئے 45 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کیا۔ گزشتہ ایک ہفتے کی کارروائیوں کے دوران پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس نے مجموعی طور پر 151 کلوگرام منشیات برآمد کیں جن کی مالیت کا تخمینہ4 کروڑ50 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ برآمد ہونے والی منشیات میں100 کلوگرام چرس،47 کلوگرام افیون،2.3 کلوگرام ویڈ اور 2 کلوگرام آئس شامل ہیں۔
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 1175 ایکسٹیسی گولیاں اور333 لیٹر شراب بھی قبضے میں لے لی گئی ہے اس کے علاوہ منشیات فروشوں سے6 پستول، ایک ایس ایم جی،2 رائفلیں اور ایک ڈرون بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔ ڈی جی پنجاب کانٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران لاہور، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں کارروائیاں کی گئیں۔ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کی ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس معلومات اور موثر نگرانی کی مدد سے منشیات اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کیں۔







