انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور خیبر پختونخوا نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج کی خصوصی ہدایات پر باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے چھ دیہات کے لیے ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا
فرنٹئیر کور خیبر پختونخوا نارتھ کی جانب سے باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے چھ دیہات کے لیے مفت میڈکل کیمپ کا انعقاد

مزید خبریں
پشاور۔ 10 اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور خیبر پختونخوا نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج کی خصوصی ہدایات پر باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے چھ دیہات کے لیے ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ان دیہات میں باجوڑ کے علاقے غاخی، کوہی، غونڈئی، تلی، چیلرگام اور بٹملاے شامل تھے۔ کیمپ کے دوران سپیشلسٹ کیئر (ماہرانہ علاج) فراہم کی گئی جس میں جنرل میڈیسن، سرجری، امراضِ چشم (آنکھوں کا علاج)، امراضِ نسواں (گائنی)، نفسیات اور فزیو تھراپی کے شعبوں میں ماہرانہ معائنے شامل تھے۔
مقامی رہائشیوں کو مفت طبی معائنہ، مفت ادویات اور صحت کے حوالے سے آگاہی و مشاورت فراہم کی گئی۔ اس کیمپ سے کل 876 افراد مستفید ہوئے جن میں 301 بچے، 320 خواتین اور 255 مرد شامل ہیں جبکہ ایسے مریض جنہیں طویل مدتی اور مزید ماہرانہ علاج کی ضرورت تھی، انہیں مفت علاج اور جدید معائنہ کاری کےلیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور ریفر کیا گیا۔ مقامی عمائدین، مشران اور کمیونٹی کے ارکان نے ان پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں تک صحت کی بنیادی سہولیات پہنچانے پر فرنٹئیر کور خیبر پختونخوا نارتھ اور آئی جی ایف سی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔







