ورلڈ ایکواٹکس نے سال 2026کی شارٹ کورس (25 میٹر) سوئمنگ ورلڈ چیمپئن شپ کے مکمل شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے
ورلڈ ایکواٹکس کا بیجنگ میں ہونے والی شارٹ کورس سوئمنگ ورلڈ چیمپئن شپ 2026کے شیڈول کا اعلان
بیجنگ ۔11اگست (اے پی پی):ورلڈ ایکواٹکس نے سال 2026کی شارٹ کورس (25 میٹر) سوئمنگ ورلڈ چیمپئن شپ کے مکمل شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ شنہوا کے مطابق 6 روز تک جاری رہنے والا یہ ایونٹ یکم سے 6 دسمبر تک بیجنگ کے مشہور نیشنل ایکواٹکس سینٹر واٹر کیوب میں منعقد ہوگا۔شیڈول کے مطابق ابتدائی ہیٹس ہر روز بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوں گی جبکہ سیمی فائنلز اور فائنلز شام 7 بجے کھیلے جائیں گے، تاہم آخری دن کی شام کا سیشن ایک گھنٹہ پہلے یعنی شام 6 بجے شروع ہوگا۔ اس 6 روزہ چیمپئن شپ میں مرد و خواتین کے انفرادی مقابلے، ریلے اور مکسڈ فری سٹائل و میڈلے ریلے ایونٹس شامل ہوں گے۔ورلڈ ایکواٹکس کے صدر حسین المسلم نے کہا کہ بیجنگ کے پاس عالمی سطح کے واٹر سپورٹس ایونٹس کی میزبانی کی ایک شاندار تاریخ ہے اور وہ دسمبر میں واٹر کیوب واپسی پر انتہائی پرجوش ہیں۔ بیجنگ 2026کی آرگنائزنگ کمیٹی کا کہنا ہے کہ تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور وہ دنیا کے بہترین تیراکوں کا بیجنگ میں استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ واٹر کیوب نے بیجنگ 2008اولمپکس کے سوئمنگ مقابلوں کی میزبانی کی تھی جبکہ بیجنگ 2022 ونٹر اولمپکس میں اسے کرلنگ مقابلوں کے لیے آئس کیوب میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔








