وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ڈی جی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن میجر جنرل عبدالسمیع کی ٹیم کے ہمراہ ملاقات، ایف ڈبلیو او اور پاکستان ریلویز کا مشترکہ مشن، ریلوے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ڈی جی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن میجر جنرل عبدالسمیع نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اہم ملاقات کی جس میں پاکستان ریلویز کی کایا پلٹنے کے لیے انقلابی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں ایف ڈبلیو او کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ ریلوے کی ڈیجیٹلائزیشن کے پہلے مرحلے …

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ڈی جی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن میجر جنرل عبدالسمیع نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اہم ملاقات کی جس میں پاکستان ریلویز کی کایا پلٹنے کے لیے انقلابی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں ایف ڈبلیو او کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ ریلوے کی ڈیجیٹلائزیشن کے پہلے مرحلے میں 13 اہم منصوبےشامل ہیں جن کا مقصد پورے نظام کو جدید ٹیکنالوجی کے خطوط پر استوار کرنا ہے۔ٹرین آپریشنز کی موثر نگرانی کے لیے ریلوے ٹریکنگ سسٹم اور جی پی ایس متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

اس سسٹم کے ذریعے ٹرینوں کی نقل و حرکت کی لائیو مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔ مزید برآں لاہور میں ایک مرکزی کنٹرول روم اور تمام ایچ آر ڈویژنز میں ذیلی کنٹرول رومز کے قیام کی منظوری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے راولپنڈی کی طرز پر ملک بھر کے بڑے ریلوے سٹیشنز کو ’’سیف اینڈ سمارٹ سٹیشنز‘‘ میں تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان سٹیشنز پر مسافروں کے لیے مفت وائی فائی کی فراہمی، لوکوموٹو چیک پوائنٹس کا قیام اور جدید سکیورٹی کیمروں کی تنصیب شامل ہے۔

ملاقات میں سٹریٹجک اہمیت کے حامل ایم ایل-3 (ML-3) منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ تھر کول منصوبے کے ذریعے ریلوے نیٹ ورک کو مستحکم بنانے اور توانائی کے موثر استعمال پر تفصیلی گفتگو کی گئی تاکہ ریلوے کے ایندھن کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔

وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ جدید ڈیٹا سینٹر کے قیام سے ریلوے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر ہوں گی۔