اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت بری امامؒ کے سالانہ عرس کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کا مقصد زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا اور انتظامی امور کی جامع نگرانی کو یقینی بنانا تھا۔اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ایک مقدس مقصد کے لیے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں، بری امامؒ جیسے عظیم ولی اللہ کے سالانہ عرس کی تیاریوں میں حصہ لینا ہمارے لیے بڑی سعادت ہے، ہمارا فرض ہے کہ زائرین کے لیے ہر ممکن سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ وہ روحانی سکون کے ساتھ عرس میں شرکت کر سکیں۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے اجلاس کے دوران عرس کے سلسلے میں کیے جانے والے انتظامات، تیاریوں اور سکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ زائرین کے لیے طبی کیمپس قائم کیے جائیں گے، پینے کے صاف پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے،
فوڈ سٹالز پر حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانے کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا اور زائرین کی مقام زیارت تک آسان رسائی کے لیے شٹل سروس چلائی جائے گی۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، واک تھرو سکیورٹی گیٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے، سکیورٹی کیمرے مرکزی راستوں، داخلی و خارجی راستوں، پارکنگ ایریاز اور دیگر اہم مقامات پر نصب کیے جائیں۔ صفائی کے نظام کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے، خصوصاً واشرومز کی حالت بہتر رکھی جائے کیونکہ یہ زائرین کا بنیادی حق ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیمیں خوراک کی کوالٹی اور صفائی کے معیار کی باقاعدہ نگرانی کریں اور ٹریفک مینجمنٹ پلان واضح اور موثر ہو تاکہ کسی بھی قسم کی بدنظمی نہ ہو۔اجلاس کے دوران زائر خواتین کی شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کے لیے خصوصی اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔
ان میں علیحدہ واش رومز کی فراہمی، خواتین کے لیے مختص عبادت و قیام گاہیں، طبی امداد کے علیحدہ انتظامات اور خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی شامل ہے تاکہ زائر خواتین کو مکمل تحفظ، عزت اور سہولت میسر آ سکے۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پورے پاکستان اور دنیا بھر سے لوگ بری امامؒ کے عرس میں شرکت کے لیے آتے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ انہیں بہترین ماحول فراہم کریں، عرس کے انتظامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خود فیلڈ میں جا کر تمام انتظامات کا مشاہدہ کیا جائے گا تاکہ مسائل کو موقع پر ہی حل کیا جا سکے۔راجہ سرفراز اکرم (خادم بری امامؒ) نے بھی اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر رضا کار ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جا سکے۔اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ کیا گیا کہ
بری امامؒ کا سالانہ عرس مثالی انداز میں منایا جائے گا اور زائرین کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ تمام محکمے اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھائیں گے اور عوام کو روحانی، جسمانی اور انتظامی سکون میسر آئے گا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن، راجہ سرفراز اکرم (خادم بری امامؒ) اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔