وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر نیب سمیت جوڈیشل، پولیس اور انتخابی اصلاحات پر زور لگانا چاہیے، ملکی مفادات کے معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہئے، آئی سی جے کا فیصلہ ہے کہ کلبھوشن کو قونصلر رسائی دی جائے، اپوزیشن جماعتیں اس ایشو پر …

اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر نیب سمیت جوڈیشل، پولیس اور انتخابی اصلاحات پر زور لگانا چاہیے، ملکی مفادات کے معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہئے، آئی سی جے کا فیصلہ ہے کہ کلبھوشن کو قونصلر رسائی دی جائے، اپوزیشن جماعتیں اس ایشو پر سیاست سیاست کھیلنا چاہتی ہیں تو وہ الگ بات ہے،تمام اداروں کی مشاورت سے عالمی عدالت کے فیصلے کا نفاذ کیا جا رہا ہے، پاکستان نے کشمیر کیلئے 3 جنگیں لڑی ہیں اور آگے بھی کشمیریوں کیلئے جو ہو سکا کریں گے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ریفارمز کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، ہمیں غریبوں کا سوچ کر جوڈیشل، پولیس اور انتخابی اصلاحات کرنا ہوں گی، چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن مضبوط ہو تاکہ کوئی بھی اس پر تنقید نہ کر سکے، اپوزیشن کو چاہیے کہ ملکی مفادات کے معاملات پر حکومت کا ساتھ دے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ یوٹیوب، گوگل اور فیس بک ایک نئی دنیا ہے، ان کو بند کر دیں گے تو ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی بزنس کا نقصان ہو گا، پاکستان میں متعدد صحافیوں سمیت کئی بے روزگار لوگوں نے یوٹیوب چینلز بنائے ہوئے ہیں اور وہ اس کے ذریعے پیسے کما رہے ہیں، ہمیں یوٹیوب پر قابل اعتراض مواد کو روکنے کیلئے حکمت عملی بنانی ہو گی۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) پاکستان کی بات مانی کہ کلبھوشن کی گرفتاری اور ٹرائل صحیح ہے، اب آئی سی جے کا فیصلہ ہے کہ کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دی جائے، تمام اداروں کی مشاورت سے عالمی عدالت کے فیصلے کا نفاذ کیا جا رہا ہے اور اپوزیشن جماعتیں اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے برعکس سوچ رکھنے والا ملک ہے، کرتاپورراہداری کھول کر دنیا کو اقلیتوں کے ساتھ محبت اور تحفظ کا پیغام دیا جبکہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کے بارے بھی پوری دنیا بخوبی واقف ہے، پلوامہ کے معاملے پر عالمی میڈیا نے پاکستان کے موقف کی تائید کی، بھارتی پائلٹ ابہینندن کو بھارت کے حوالے کیا تو پوری دنیا نے پاکستان اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کیلئے 3 جنگیں لڑی ہیں، پوری قوم کشمیر کیلئے اکٹھی ہے اور ہم آگے بھی کشمیریوں کیلئے جو ہو سکا کریں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نیب کا سارا سیٹ اپ اپوزیشن کا لگایا ہوا ہے، ان کے قائدین پر کیسز ان کے اپنے دور حکومتوں کے دوران بنے ہوئے ہیں اور نیب بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے، وزیراعظم عمران خان ملک سے بدعنوان کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور وہ احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نیب قوانین میں ترامیم کیلئے سنجیدہ ہے، اپوزیشن تجاویز دے حکومت ان پر ضرور غور کرے گی۔ چاند دیکھنے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روہت ہلال کمیٹی کو دعوت ہے کہ آئیں بیٹھ کر مشاورت کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔

مزید خبریں