وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کی عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی مسلسل معاونت کی تعریف، وزارت قانون کو ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ معاہدوں کی منظوری تیز کرنے کی ہدایت

وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کی عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی مسلسل معاونت کی تعریف، وزارت قانون کو ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ معاہدوں کی منظوری تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے وزارت قانون کو ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ معاہدوں کی منظوری کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات جنوبی ایشیاء کیلئے عالمی بینک کے علاقائی ڈائریکٹر برائے بنیادی ڈھانچہ گوانگزے سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے دیں۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اقتصادی امور نے علاقائی ڈائریکٹر کا وزارت میں خیرمقدم کیا اور پاکستان میں اقتصادی ترقی کی سرگرمیوں کے لئے عالمی بینک کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں عالمی بینک کی امداداہم کردار ادا کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ انہوں نے سیلاب سے متعلق امداد پربھی عالمی بینک کاشکریہ ادا کیا۔

عالمی بینک کے علاقائی ڈائریکٹرنے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کو سراہا اور بتایا کہ اس وقت پاکستان میں عالمی بینک کی معاونت سے 13.1 ارب ڈالر کے 54 منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، اس میں بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور پائپ لائن منصوبوں کی تعمیر، سستی اور صاف قابل تجدید توانائی اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں سمیت اہم ترقیاتی ،منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور عالمی بینک کو ملک کی طویل مدتی ترقی کے لئے میکرو اکنامک چیلنجز اور قابل تجدید توانائی کی توسیع سے نمٹنے کے لئے مل کر کام جاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو مزید بتایا کہ عالمی بینک نہ صرف قابل تجدید توانائی بلکہ توانائی کی طلب پر قابو پانے میں مدد کے لیے توانائی کے تحفظ کی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی لانے میں مدد کے لئے وزارت اقتصادی امور کی جانب سے عالمی بینک کی ٹیم کو مکمل تعاون اورسہولت فراہم کرنے کی تعریف کی اور یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے ورلڈ بینک کو فنڈز کی موثر تقسیم کے بارے میں یقین دہانی کرائی اور انہیں غیر ملکی فنڈڈ منصوبوں کی قومی رابطہ کمیٹی اور سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کے لیے بین الاقوامی امداد کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی برائے رابطہ کے مسلسل اجلاسوں کے ذریعے غیر ملکی فنڈ سے چلنے والے منصوبوں کی سخت نگرانی کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت ان پراجیکٹس پر زور دے رہی ہے جو خاص طور پر دیرینہ تاخیر کا سامنا کر رہے ہیں تاکہ عملدرآمد کی پیش رفت اور تقسیم اور پیش رفت کو تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے وزارت قانون کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ معاہدوں کی منظوری کو تیز کرنے میں مدد کرے تاکہ منظوریوں کے فوری عمل کو آسان بنایا جا سکے۔