وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی زیرِ صدارت بلوچستان اور سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی موجودہ صورتحال بارے جائزہ اجلاس

264
عبد القادر پٹیل

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ وزارت صحت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے، سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ادویات کی دوبڑی کھیپ بھجوا دی ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو بلوچستان اور سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ، پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا ، یونیسیف کے کنٹری ہیڈ عبداللہ عبدالعزیز ،یو این ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر اور یو این ڈی پی کے نمائندے اور وزارت صحت کے دیگر سینئرافسران بھی موجودتھے۔ترجمان وزارت صحت کے مطابق اجلاس کا مقصد سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ٹیکنیکل سپورٹ کی درخواست کرنا تھا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ سیلاب کی تباہی کو حکومتی سطح پر اکیلئے حل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ادویات کی دوبڑی کھیپ بھجوا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت صحت صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور بحالی کیلئے فاسٹ ٹریک پر عملی اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو وباءاور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر عالمی ادارہ صحت فوری طور موبائل لیبارٹری بلوچستان اور سندھ روانہ کرے گا۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے کہا کہ وزارتِ صحت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس نے وفاقی وزیر صحت کی ہدایت پر بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بھر پور عملی اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت این ڈی ایم کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہاہے۔وفاقی وزیر صحت کی ہدایت پر وبائی امراض سے بچائو کیلئے مخصوص مچھر دانیاں ،پانی صاف کرنے والی گولیاں صوبہ سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کیلئے روانہ کر دی گئیں۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر وزارت صحت اور نیفران کے حکام پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، کمیٹی میں یو این ایجنسیز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی صوبوں کے ساتھ مل کر ایک مربوط حکمت ترتیب دے گی ، صوبوں کی ضروریات کے مطابق تمام تر ضروری ادویات اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔