وفاقی وزیر احسن اقبال کا نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے بدھ کو نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں چیئرمین نادرا طارق ملک نے شہریوں کو ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی اور نادرا کے تیار کردہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے وفاقی حکومت کے اقدامات کی تکمیل پر وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران چیئرمین نادرا طارق ملک نے آگاہ کیا کہ ملک بھر میں 771 رجسٹریشن مراکز اور 222 موبائل رجسٹریشن وینز (MRVs) کے ذریعے شہریوں کے دروازے پر رجسٹریشن کی خدمات فراہم کرنے کے لیے نادرا نے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں ۔

نادرا وزارت منصوبہ بندی کے ساتھ مشترکہ تعاون سے سول رجسٹریشن اور اہم شماریات (CRVS) منصوبہ کو آگے بڑھانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران نادرا نے کارڈ پرنٹ کرنے کی صلاحیت 60 ہزار سے بڑھا کر 125 ہزار یومیہ کر دی ہے۔ چیئرمین نادرا نے وفاقی وزیر کو سمارٹ کارڈ کے سیکیورٹی فیچرز کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو کہ 36 سیکیورٹی فیچرز سے لیس ہے جو پاکستانی شناختی کارڈ کو سب سے زیادہ محفوظ اور جعل سازی سے بچاتا ہے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر نے نادرا کے ہائی ٹیک آپریشنز روم اور پرنٹنگ ڈیپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا جہاں چیئرمین نادرا نے سنٹرلائزڈ آپریشنز مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے نادرا میں بین الاقوامی معیارات اور دنیا کے بہترین طرز عمل کو متعارف کرانے پر چیئرمین نادرا طارق ملک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کم سے کم وقت میں ڈیجیٹل مردم شماری نظام تیار کرنے والے 24 سافٹ ویئر انجینئرز میں اعلٰی کارکردگی کے سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔ وزیر نے تمام سافٹ ویئر انجینئرز کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے ملک کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے نظام کو تیار کرنے میں دن رات کام کیا. ڈیجیٹل مردم شماری کا پائلٹ مرحلہ 21 جولائی سے 3 اگست تک کامیابی کے ساتھ انجام دیا گیا۔