اسلام آباد ۔ 3 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستا ن علی امین خان گنڈاپور نے ہدایت کی ہے کہ آزاد کشمیر میں جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں کے حوالہ سے ٹھوس پیشرفت کی جائے اور ان کو جلد مکمل کرنے کے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعہ کو پی ایس ڈی پی منصوبوں پرکام کی پیشرفت کا جائزہ لینے …
وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپورکی زیر صدارت پی ایس ڈی پی منصوبوں پرکام کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 3 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستا ن علی امین خان گنڈاپور نے ہدایت کی ہے کہ آزاد کشمیر میں جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں کے حوالہ سے ٹھوس پیشرفت کی جائے اور ان کو جلد مکمل کرنے کے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعہ کو پی ایس ڈی پی منصوبوں پرکام کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان طارق محمود پاشا کے علاوہ آزاد کشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے بھرپور تعاون کر رہی ہے اور باہمی رابطوں اور ورکنگ کوآرڈنیشن سے ان منصوبوںکی بروقت تکمیل کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں نوسیری لسوا بائی پاس روڈ ، رتو حرام پلُ۔میڈیکل کالجز، آزاد کشمیر قانون سازی اسمبلی کی عمارت سمیت منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے خصوصی ہدایت کی کہ میرپور اور مظفرآباد میڈیکل کالجزز کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اُن کی تکمیل میں حائل تمام روکاٹوں کو دورکیا جائے۔ رتو حرام پُل کی تکمیل کے حوالہ سے وفاقی وزیر نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ اس پُل کو مکمل کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں رپورٹ کو ایک ماہ کے اندر مرتب کرکے پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ جب سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وفاق میں آئی ہے اس نے بلا تفریق آزادکشمیر میں میگا پراجیکٹس کیلئے فنڈز مہیا کئے ہیں تاکہ آزادکشمیر کے لوگوں کی دشواری کو جلد از جلد ختم کیا جائے سکے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پی ایس ڈی پی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی ایس ڈی پی منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کے نظام کو آسان بنایا ہے جس سے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو پائے گی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری طارق محمود پاشا نے افسران سے کہا کہ پی ایس ڈی پی پراجیکٹس کے حوالہ سے ان کو کوئی بھی دشواری پیش آتی ہے تو وہ وزارت اُمور کشمیر سے رابطہ کر سکتے ہیں، وہ اور ان کی وزارت ہر وقت اُن کی مدد کیلئے تیار ہیں۔ علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ وہ بہت جلد مظفرآباد اور میر پور میڈیکل کالجز کا دورہ کرکے کام کا جائزہ لیں گے۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے وزیر مواصلات اینڈ ورکس چوہدری عزیز بھی موجود تھے۔








