وفاقی وزیر علی زیدی کی زیر صدارت پی ٹی آئی سندھ کی کابینہ کا اجلاس، 27مارچ کے جلسے سے متعلق پلان کو حتمی شکل دینے کے لئے مشاورت

84

کراچی۔17مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر و وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی کی زیر صدارت وڈیو لنک کے ذریعے پی ٹی آئی سندھ کی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں 27مارچ کو ڈی چوک پر جلسے سے متعلق پلان کو حتمی شکل دینے کے لئے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں سندھ سے بڑی تعداد میں کارکنان کی شرکت کرنے کے حوالے سے پلان ترتیب دیا گیا۔ جلسے کے حوالے سے انتظامات کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

سندھ کے تمام ڈویژنل صدور کو اہم ٹاسک دے دیئے گئے ہیں۔ کراچی میں قافلوں کی روانگی اور رابطہ مہم کے سلسلے میں کراچی ریجن کے صدر بلال غفار کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کال پر 27مارچ کو سندھ بھر سے کارکنان بڑی تعداد میں ڈی چوک کے جلسے میں شرکت کریں گے۔پارٹی کارکنان اور قیادت وزیر اعظم عمران خان کے پیچھے کھڑے ہیں۔ زرداری مافیا سمیت دیگر تین چوہوں کا ڈرامہ چل رہا ہے، اس ڈرامے کا 27مارچ سے پہلے ڈراپ سین ہوجائے گا۔

زرداری مافیا سندھ کے غریب عوام، ہاریوں اور محنت کشوں کا لوٹا ہوا پیسہ اراکین اسمبلی کو خریدنے پر خرچ کیا جارہا ہے۔ اپوزیشن جو ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اس کے پیچھے بیرونی سازشیں ہیں۔ پوری قوم اس وقت وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں نے وزیراعظم کو میڈیٹ دیا۔

کراچی کے لوگ اپنے منتخب کردہ وزیراعظم کیلئے نکلیں گے۔ عمران خان کے حوصلوں کو پست کرنا اپوزیشن کے بس کی بات نہیں۔ اپوزیشن کیلئے عدم اعتماد کی کامیابی کا خواب پانی کے بلبلے کی مانند ہے۔ عمران خان نے سارے چوہوں کو اکھٹا کردیا ہے۔ سارے چوہے اکھٹے جیل جائیں گے۔ ڈی چوک جلسہ تاریخی و کامیاب ہوگا، اپوزیشن کو بس گھبرانا نہیں ہے۔