وفاقی وزیر قانون نے مری بروری میں جدید سافٹ ڈرنکس پروڈکشن لائن کا افتتاح کیا،

وفاقی وزیر قانون نے مری بروری میں جدید سافٹ ڈرنکس پروڈکشن لائن کا افتتاح کیا،

راولپنڈی۔23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے راولپنڈی میں مشروبات تیار کرنے والی معروف کمپنی مری بروری کے مینوفیکچرنگ یونٹ میں جدید کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنکس پروڈکشن لائن کا افتتاح کیا ۔

اس موقع پر مری بریوری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسفن یار بھنڈارا نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا اور انہیں نئے منصوبے اور اس کی پیداواری صلاحیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اسفن یار بھنڈارا نے بتایا کہ جدید، مکمل خودکار پروڈکشن لائن خصوصی طور پر چین سے درآمد کی گئی ہے جس سے کمپنی کے کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنکس کی پیداواری استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا جبکہ عالمی معیار کے مطابق مصنوعات کی تیاری بھی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ نئے پلانٹ سے باقاعدہ پیداوار کا آغاز ہو چکا ہے اور اس منصوبے کے نتیجے میں تقریباً 100 افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جدید کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنکس پروڈکشن لائن کی تنصیب پاکستان کے صنعتی شعبے کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ملکی صنعت کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا جائے گا، معیشت میں حقیقی بہتری ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب بھی متعدد اشیاء درآمد کرتا ہے جس کے باعث درآمدی بل میں مسلسل اضافہ ہوتا ہے جبکہ مقامی صنعت کی مضبوطی نہ صرف درآمدات پر انحصار کم کرے گی بلکہ بڑھتی ہوئی مقامی ضروریات کو بھی بہتر انداز میں پورا کرنے میں مدد دے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی صارف مارکیٹ ہے اور صنعتی ترقی کے بغیر عوام کی ضروریات پوری کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے مری بریوری کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور مشروبات کے شعبے میں جدت لانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے جدید خودکار پلانٹ کے ذریعے سافٹ ڈرنکس، بگ ایپل، پانی اور دیگر مشروبات کی تیاری کے عمل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا ہے، جو قابل تحسین اقدام ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جدید مشینری کے استعمال کے باوجود ایسے منصوبے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں، جو خوش آئند امر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ ملک کا صنعت کار ترقی کرے کیونکہ صنعت کے فروغ سے تجارت میں اضافہ، معیشت میں استحکام اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں پیداوار نہیں بڑھے گی، مارکیٹ میں پائیدار بہتری بھی ممکن نہیں۔وفاقی وزیر نے نئے پلانٹ کی کامیاب تنصیب پر اسفنیار بھنڈارا کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مری بروری مستقبل میں بھی اپنی پیداواری استعداد میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ ملکی صنعت مزید مستحکم ہو اور قومی معیشت کو تقویت ملے۔

بعد ازاں وفاقی وزیر نے پلانٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جہاں انہیں مینوفیکچرنگ کے جدید نظام، خودکار مشینری اور پیداواری عمل کے مختلف مراحل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے پلانٹ میں نصب جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ معیار کی مشینری کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کی صنعتی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔