ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی جرمن خواتین ٹیم کا پروفائل جاری

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ میڈیا ریلیز میں اگست میں ہونے والے ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی جرمن کی خواتین ہاکی ٹیم کے پروفائل کے بارے میں تفصیلات دی گئی ہیں جس کے مطابق جرمنی کی خواتین ہاکی ٹیم

لاہور۔23جولائی (اے پی پی):انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ میڈیا ریلیز میں اگست میں ہونے والے ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی جرمن کی خواتین ہاکی ٹیم کے پروفائل کے بارے میں تفصیلات دی گئی ہیں جس کے مطابق جرمنی کی خواتین ہاکی ٹیم، جسے "ڈی ڈاناس” کے نام سے جانا جاتا ہے، ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر کی ٹیم کے طور پر شرکت کرے گی۔ جرمنی خواتین کے ورلڈ کپ کی تاریخ کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار ہوتا ہے اور وہ نیدرلینڈز اور ارجنٹائن کے ساتھ ان تین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے ٹورنامنٹ کے ہر ایڈیشن میں شرکت کی ہے۔ جرمن ٹیم اب تک دو مرتبہ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔جرمنی نے 2025 کی یورو ہاکی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔2025-26 ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں بھی جرمنی نے نمایاں کھیل پیش کیا اور پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ٹیم کی قیادت صرف 22 سالہ لائنیا وائڈمان کر رہی ہیں

جنہیں دنیا کی بہترین دفاعی کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے،جرمنی نے 2023-24 ایف آئی ایچ پرو لیگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کیا۔ ٹیم ماضی میں 2004 کا اولمپک گولڈ میڈل، دو اولمپک سلور، ایک اولمپک برانز، دو ورلڈ کپ، دو یورپی چیمپئن شپ اور متعدد بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کر چکی ہے۔جرمن ٹیم کی کوچ نیدرلینڈز کی سابق اولمپک گولڈ میڈلسٹ ہیں، جو اس سے قبل امریکا اور بھارت کی خواتین ٹیموں کی بھی کوچ رہ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا انتخاب انتہائی سخت مرحلہ تھا کیونکہ تمام کھلاڑیوں نے پرو لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔ ان کے مطابق یہ نوجوان اور پرجوش ٹیم دنیا کی کسی بھی حریف ٹیم کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ورلڈ کپ ان کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 15 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہوگا، جہاں افتتاحی روز ہی مردوں اور خواتین دونوں کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔