وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ سے اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ، وکلاء کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی
وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ سے اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ، وکلاء کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی
اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ سے اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں وکلاء برادری کو درپیش مسائل، بار رومز کی تزئین و آرائش اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت بار ایسوسی ایشن کے صدر سید واجد علی گیلانی نے کی۔ملاقات کے دوران وفد نے اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور وکلاء کیلئے سہولیات کی بہتری کے اقدامات سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر بار اور بنچ کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے، قانونی شعبے میں اصلاحات اور وکلاء کیلئے بہتر ماحول کی فراہمی پر بھی گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وکلاء برادری انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بار رومز کی تزئین و آرائش اور وکلاء کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت قانونی شعبے کی بہتری اور وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔ملاقات میں قانونی شعبے کی ترقی اور بار و بنچ کے مابین مؤثر تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔









