وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا ضلع چنیوٹ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، عوام کو تنہا نہ چھوڑنے کے عزم کا اظہار

چنیوٹ۔19 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے ضلع چنیوٹ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کوٹ تاجہ، سانبھل اور جامعہ محمدی شریف کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے میڈیکل کیمپس کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ موضع سانبھل میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت متاثرہ …

چنیوٹ۔19 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے ضلع چنیوٹ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کوٹ تاجہ، سانبھل اور جامعہ محمدی شریف کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے میڈیکل کیمپس کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ موضع سانبھل میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے موقع پر انہوں نے اپنے حلقے، خصوصاً سانبھل اور چنیوٹ کے نقصانات کو ایوان میں مؤثر انداز میں اجاگر کیا اور بتایا کہ پورا چنیوٹ سیلاب سے متاثر ہوا ہے جبکہ سانبھل مکمل طور پر دریا برد ہو چکا ہے۔ قیصر احمد شیخ نے اعلان کیا کہ موضع سانبھل کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیے جائیں گے اور انہیں پختہ مکانات فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ علاقے کے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر انجمن اسلامیہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں روزمرہ استعمال کی اشیاء فراہم کر رہی ہے اور وہ خود گزشتہ 32 سال سے عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب حکومت بھی سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے سیلاب زدگان میں راشن بیگز بھی تقسیم کیے۔