وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کا شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کوخراجِ تحسین

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کےدہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کےدہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اتوار کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم 27خوارجیوں کا انجام دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے مؤثر اور فیصلہ کن ردِعمل کا ثبوت ہے۔محمد حنیف عباسی نے دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظہر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ شہید ملک سیف اللہ داوڑ کے قاتلوں کے خلاف کامیاب کارروائی دہشت گردی کے خاتمے کی قومی کوششوں میں اہم سنگِ میل ہے، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ریاستی اداروں اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔