وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کی ریلوے کے شہید ملازم لیاقت علی کی فرض شناسی کے اعتراف میں بعد از شہادت ’’ستارۂ شجاعت‘‘ عطا کرنے کی سفارش

وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کی ریلوے کے شہید ملازم لیاقت علی کی فرض شناسی کے اعتراف میں بعد از شہادت ’’ستارۂ شجاعت‘‘ عطا کرنے کی سفارش

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے کے شہید ملازم لیاقت علی کی غیر معمولی بہادری، فرض شناسی اور دہشت گردی کے خلاف جرأت مندانہ کردار کے اعتراف میں انہیں بعد از شہادت ’’ستارۂ شجاعت‘‘ عطا کرنے کی سفارش کر دی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ شہید لیاقت علی نے غیر معمولی جرأت، حاضر دماغی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دہشت گرد کو روکنے کی کوشش کی، مزاحمت کے دوران دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں لیاقت علی شہید ہو گئے۔وزارت ریلوے کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کے باعث ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا جو قیمتی انسانی جانوں اور قریبی چیک پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا سکتا تھا۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ یہ واقعہ ریاستی اداروں کے ملازمین کی قربانی، فرض شناسی اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کی روشن مثال ہے،لیاقت علی نے جان قربان کر کے ثابت کیا کہ پاکستان کے سپوت اپنی ڈیوٹی کو ہر چیز پر مقدم رکھتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید لیاقت علی کی بہادری آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ ہے اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قربانی قوم کے ماتھے کا جھومر ہے اور پاکستان ریلوے اپنے شہداء پر ہمیشہ فخر کرتا رہے گا۔