مارٹن پالرمو کی بطور مینیجر پلاٹینس میں واپسی، 2028 تک معاہدہ طے پا گیا

"مارٹن پالرمو کی بطور مینیجر پلاٹینس میں واپسی، کلب نے 2028 تک ان کے ساتھ نئے معاہدے کا اعلان کر دیا۔”

بیونس آئرس ۔6اگست (اے پی پی):ارجنٹائن کے 52 سالہ سابق سٹرائیکر مارٹن پالرمو کو ایک بار پھر فٹ بال کلب پلاٹینس کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ شنہوا کے مطابق کلب کو جاری سیزن کے مایوس کن آغاز کے بعد اس تبدیلی کا فیصلہ کرنا پڑا۔

مارٹن پالرمو کو والٹر زونینو کی جگہ یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے، جنہیں طلیریس کے خلاف 0-4 کی ہزیمت کے بعد برطرف کر دیا گیا تھا۔ کلب کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق مارٹن پالرمو کے ساتھ دسمبر 2028 تک کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ مارٹن پالرمو اس سے قبل 2022 اور 2023 میں بھی پلاٹینس کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں، جبکہ بطور مینیجر ان کی آخری وابستگی برازیل کے کلب فورٹالیپزا کے ساتھ تھی جہاں سے وہ گزشتہ برس دسمبر میں الگ ہوئے تھے۔بوکا جونیئرز کی جانب سے ریکارڈ 236 گول کرنے والے سابق ارجنٹائن کے سٹار مارٹن پالرموایک ایسے وقت میں ٹیم کا چارج سنبھال رہے ہیں جب پلاٹینس کی ٹیم ارجنٹائن کلوزورا ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں 3 میچوں میں صرف 1 ڈرا اور 2 شکستوں کے ساتھ سب سے آخری نمبر پر موجود ہے۔