وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت پاکستان ریلوے میں پروکیورمنٹ امور سے متعلق اجلاس

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے میں پروکیورمنٹ امور سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام مقامی اور بین الاقوامی خریداری کے عمل کو پیپرا قوانین کے مطابق مکمل شفافیت

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے میں پروکیورمنٹ امور سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام مقامی اور بین الاقوامی خریداری کے عمل کو پیپرا قوانین کے مطابق مکمل شفافیت، میرٹ اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر پروکیورمنٹ اور چیف کنٹرولر آف پرچیز نے وفاقی وزیر کو پاکستان ریلوے کے مقامی اور بین الاقوامی پروکیورمنٹ سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔ وزیر ریلوے نے پروکیورمنٹ کے تمام مراحل اور جاری منصوبوں کا جامع جائزہ لیا۔اجلاس میں مختلف منصوبوں اور ٹینڈرز میں تاخیر کی وجوہات پر متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کی گئی

جبکہ وفاقی وزیرنے ہدایت کی کہ غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے پروکیورمنٹ کے عمل کو مزید مؤثر، تیز رفتار اور منظم بنانے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو مقررہ مدت کے اندر تمام زیر التوا ٹینڈرز اور پروکیورمنٹ سے متعلق معاملات نمٹانے کا حکم دیا۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ قومی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے نہ صرف ادارے کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے بلکہ عوامی مفاد کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ریلوے میں شفافیت، احتساب، بروقت فیصلوں اور مؤثر عملدرآمد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔