عوام شدید گرمی اور و ہیٹ ویو کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ریسکیو مانسہرہ

ریسکیو 1122 مانسہرہ نے کہا ہے کہ عوام شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں

مانسہرہ۔ 08 جولائی (اے پی پی):ریسکیو 1122 مانسہرہ نے کہا ہے کہ عوام شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔بدھ کو ترجمان ریسکیو 1122 مانسہرہ کے مطابق شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے باعث ریسکیو مانسہرہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، خصوصاً دن 11 بجے سے شام 4 بجے کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ ہلکے رنگ کے ڈھیلے اور سوتی کپڑے پہنیں اور دھوپ میں نکلتے وقت ٹوپی یا چھتری کا استعمال کریں۔ بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔

ترجمان نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر آبی مقامات کا رخ کرنے سے گریز کریں، اگر تفریح کے لیے آبی مقامات پر جائیں تو پانی میں نہ اتریں، بچوں کو اکیلا نہ چھوڑیں اور ریسکیو اہلکاروں کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ کسی بھی شخص میں ہیٹ سٹروک یا بے ہوشی کی علامات ظاہر ہوں تو اسے فوری طور پر ٹھنڈی جگہ منتقل کریں، پانی پلائیں اور ضرورت پڑنے پر فوراً 1122 پر رابطہ کریں۔ اپنی اور اپنے اہلخانہ کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ابرار علی کی ہدایات پر ریسکیو 1122 مانسہرہ کی تمام میڈیکل، فائر اور واٹر ریسکیو ٹیمیں ضلع بھر میں ہائی الرٹ ہیں اور عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔