"لیکچررز کی بھرتی کے لیے شفاف، میرٹ پر مبنی اور منظم امتحانی عمل اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔”
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں لیکچررز کی بھرتی کے لیے تحریری امتحان کا انعقاد

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 09 جولائی (اے پی پی):گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) حیدرآباد میں لیکچررز (بی پی ایس۔17) کی بھرتی کے لیے جامعہ کی تاریخ کے پہلے مرکزی تحریری امتحان کا انعقاد کیا گیا۔
امتحان شفافیت، میرٹ اور انتظامی خودمختاری کے اصولوں کے تحت منعقد کیا گیا، جسے جامعہ کی انتظامی صلاحیتوں اور اصلاحاتی اقدامات کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ جامعہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ذیلی کالجوں میں تدریسی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، کامرس، ہیومینیٹیز، سماجی علوم اور دیگر شعبوں سمیت مجموعی طور پر 11 مختلف مضامین میں لیکچررز (بی پی ایس۔17) کی آسامیوں کا اشتہار جاری کیا گیا تھا۔ اعلامیے کے مطابق ان آسامیوں کے لیے سندھ بھر سے امیدواروں نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں ایک ہزار 434 اہل امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ تمام 11 شعبوں کے لیے ایک ہی روز مرکزی تحریری امتحان کا انعقاد کیا گیا۔ جامعہ انتظامیہ کے مطابق بھرتی کے پورے عمل، جس میں منصوبہ بندی، امتحانی انتظامات، جوابات کی جانچ اور نتائج کی تیاری شامل تھی، کو مکمل طور پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد نے اپنے وسائل اور انتظامی صلاحیتوں کے ذریعے انجام دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان کی قیادت، شفافیت پر مبنی وژن اور ادارہ جاتی اصلاحات کے عزم کے باعث بھرتی کا یہ عمل میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کے مطابق کامیابی سے مکمل کیا گیا، جو جامعہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور معیاری تدریسی عمل کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔







