نصیرآباد ڈویژن بلوچستان کا واحد گرین بیلٹ ہے جہاں کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے،کمشنر نصیرآباد

"نصیرآباد ڈویژن بلوچستان کا واحد گرین بیلٹ ہے، جہاں زراعت ہی معیشت کی بنیاد ہے، اس لیے زرعی شعبے کی ترقی اور آبپاشی کے مؤثر نظام پر خصوصی توجہ ناگزیر ہے۔” — کمشنر نصیرآباد

کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی سے چیف انجینئر کینالز قربان علی جتوئی کی قیادت میں محکمہ ایریگیشن کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل مدثر ظفر کھوسہ اور ایگزیکٹو انجینئر کینال فرید احمد پندرانی شامل تھے، جبکہ ملاقات کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل اور اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چیف انجینئر کینالز قربان علی جتوئی نے کمشنر کو پٹ فیڈر کینال اور کیرتھر کینال میں زرعی پانی کی فراہمی سے متعلق درپیش مسائل پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ سے بلوچستان کے حصے کے مطابق پانی کی عدم فراہمی کے باعث کینال سسٹم کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمن بلوچ کی کاوشوں سے پٹ فیڈر کینال میں پانی کے شارٹ فال پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ کیرتھر کینال کے لیے بھی بلوچستان کے حصے کا پانی حاصل کرنے کی عملی کوششیں جاری ہیں۔ اس موقع پر کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن بلوچستان کا واحد گرین بیلٹ ہے جہاں کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے، اس لیے زرعی پانی کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کے پیش نظر کمشنر سکھر ڈویژن اور کمشنر لاڑکانہ ڈویژن سے رابطے کرکے کینالوں میں پانی کے اضافے کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ اس سلسلے میں بین الصوبائی روابط بھی جاری ہیں۔ انہوں نے محکمہ ایریگیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ کینال سسٹم کی بحالی، تمام نہروں اور ان کی ذیلی شاخوں میں منصفانہ بنیادوں پر پانی کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے تاکہ کاشتکاروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔