وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت حج انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت حج انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت حج انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی نے شرکت کی جبکہ مکہ مکرمہ سے چیف کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مرزا علی محسود اور دیگر حج ڈائریکٹرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے انتظامی امور پر اپ ڈیٹس فراہم کیں۔

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے حکام کو ہدایت کی کہ عازمین حج کی آسائش اور سہولیات میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے خدام الحجاج کو الرٹ رہنے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں اس کا فوری ازالہ کرنے کا حکم دیا۔ وفاقی وزیر نے عازمین حج پر بھی زور دیا کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران مقامی قوانین کی سختی سے پیروی کریں اور اپنے طرز عمل سے ملکی وقار کا خاص خیال رکھیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ منگل 28 اپریل تک 20 ہزار سے زائد سرکاری عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جن میں سے 11 ہزار عازمین کو ریاض الجنہ کی زیارت بھی کروائی جا چکی ہے۔

انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ تمام عازمین کو نسک کارڈز کی فراہمی مکمل کر لی گئی ہے تاکہ انہیں دوران حج کسی قانونی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ میں حرم تک آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے 5 بس اڈے بھی مختص کر دیئے گئے ہیں۔طبی سہولیات کے حوالے سے سربراہ پاکستان حج میڈیکل مشن کرنل ڈاکٹر توقیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مدینہ منورہ میں ایک ہسپتال اور تین ڈسپنسریاں جبکہ مکہ مکرمہ میں پانچ ڈسپنسریاں عازمین کی خدمت کے لیے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ پاکستان سے ادویات کی تمام ضروری ترسیل مکمل کی جا چکی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عازمین کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔