وفاقی وزیر مذہبی امور سے ترک سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات، مسلم دنیا کو درپیش چیلنجزپر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے جمعرات کو پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز، بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی و ثقافتی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے جمعرات کو پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز، بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی و ثقافتی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ترکیہ کے مذہبی امور کے اتاشی ڈاکٹر عبدالرحمن اکوش، ٹیکا پاکستان کی کنٹری ہیڈ صالحہ تُونا اور ترک ہلال احمر (ترک قزلائے) کی نمائندہ بھی موجود تھیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام مذہب، مشترکہ تہذیبی ورثے اور صوفیائے کرام کی تعلیمات کے ذریعے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ دونوں قومیں ایک دوسرے کے دکھ سکھ کی حقیقی شریک ہیں۔ وفاقی وزیر نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے ترک صدر کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار اور پاکستان کی امن پسند پالیسی سے بھی ترک سفیر کو آگاہ کیا۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات، رواداری، اعتدال اور اخلاقی اقدار سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ایک پرامن اور متوازن معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔ ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو دونوں ممالک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کی حکومت پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کو پوری امت مسلمہ کی مضبوطی تصور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک ملک بھر میں 700 سے زائد فلاحی و ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں۔ترک سفیر نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون اور اتحاد ناگزیر ہے۔ ملاقات میں موجود ترک وفد کے اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ ہمیشہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں ان کی مدد کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی خواہش ہے کہ پاکستان اور ترکیہ باہمی تعاون، دوستی اور شراکت داری کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کریں اور حکومتی و عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے۔

مزید خبریں