پی ڈی ایم اے بلوچستان کا ہیٹ ویو سے متعلق آگاہی سیشن، حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اجلاس

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کی جانب سے شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کے بڑھتے ہوئے خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں بتایا گیا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جو ملک کے 46 فیصد رقبے پر مشتمل ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث یہاں شدید گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ …

کوئٹہ۔ 18 جون (اے پی پی):پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کی جانب سے شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کے بڑھتے ہوئے خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں بتایا گیا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جو ملک کے 46 فیصد رقبے پر مشتمل ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث یہاں شدید گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔پریذنٹیشن کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ چند برسوں میں سبی، تربت اور دالبندین سمیت مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 45 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، جس کے اثرات انسانی صحت، زراعت اور آبی وسائل پر مرتب ہوئے ہیں۔پی ڈی ایم اے حکام نے کہا کہ ہیٹ ویو کے خطرات سے نمٹنے کے لیے قبل از وقت وارننگ سسٹم، طبی سہولیات کی فراہمی، عوامی آگاہی مہمات اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ سیشن میں عوام سے اپیل کی گئی کہ شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔پی ڈی ایم اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے اور عوام کو محفوظ بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔