کیڈٹ کالج پٹارو، جامشورو کے 35 رکنی طلبہ کے وفد کا فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ

کیڈٹ کالج پٹارو جامشورو کے 35 رکنی طلبہ کے وفد نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ طلبہ کے وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا گیا

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):کیڈٹ کالج پٹارو جامشورو کے 35 رکنی طلبہ کے وفد نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ طلبہ کے وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، سینیٹ کے قیام و ارتقائ، آئینی سفر اور قومی قانون سازی میں ایوانِ بالا کے کلیدی کردار کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفد کو سینیٹ کی تاریخ اور کارکردگی پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔ وفد نے سینیٹ کے اجلاس کی کارروائی کا بھی مشاہدہ کیا اور ارکانِ سینیٹ کی جانب سے قانون سازی، عوامی مسائل کے حل اور قومی اہمیت کے امور پر ہونے والی بحث میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

طلبہ نے پارلیمانی طریقہ کار، قانون سازی کے مراحل اور ایوانِ بالا کی ذمہ داریوں کے حوالے سے مختلف سوالات کئے جن کے سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے تفصیلی جوابات دیئے۔ اس موقع پر طلبہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے نوجوان نسل میں جمہوری اقدار، آئینی شعور اور قومی اداروں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے دورے کے بہترین انتظامات اور جامع بریفنگز پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں ايڈ منسٹريٹو آفيسر ہيرو ٹہاکر، اسسٹنٹ پروفيسر مسعود اختر، اسسٹنٹ پروفيسر غلام علی اور ليکچرر مُزمل ميمن بهی شامل تھے۔

 

مزید خبریں