وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، ایرانی قیادت اور برادر عوام ایران کو تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی معاہدہ نہ صرف خطے میں امن کے قیام میں مددگار بلکہ ایرانی قوم کی تعمیر نو اور پاکستان و ایران کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں
وزیراعظم شہباز شریف کو ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا ٹیلیفون، وزیراعظم کی ایرانی صدر، قیادت اور عوام کو تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، ایرانی قیادت اور برادر عوام ایران کو تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی معاہدہ نہ صرف خطے میں امن کے قیام میں مددگار بلکہ ایرانی قوم کی تعمیر نو اور پاکستان و ایران کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بھی بنے گا جبکہ ایرانی صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ثالثی کے عمل کو کامیابی سے ہم کنار کرنے کیلئے نہایت اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان کی مثبت، تعمیری اور مخلصانہ حمایت کو ایران ہمیشہ یاد رکھے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے جمعرات کو ٹیلیفون کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان بات چیت تیس منٹ سے زائد جاری رہی۔ اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں رہنمائوں کے درمیان یہ پہلا رابطہ تھا۔ وزیراعظم نے صدر پزشکیان، ایرانی قیادت اور برادر عوام ایران کو تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ نہ صرف خطے میں امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ایرانی قوم کی تعمیر نو اور پاکستان و ایران کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بھی بنے گا۔ وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے بھی اپنے پرتپاک احترام اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امن معاہدے پر دستخط کے ایرانی فیصلے کو سراہتے ہوئے مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے ایرانی قیادت کی کامیابی کی دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہر شعبے میں ایران کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایرانی قوم اور اپنی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شخصیات نے انتہائی مہارت، اخلاص اور دانشمندی کے ساتھ ثالثی کے عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کیا جسے ایران ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی مثبت، تعمیری اور مخلصانہ حمایت کو ایران ہمیشہ یاد رکھے گا۔
صدر پزشکیان نے پاکستانی عوام کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی سہولت کے مطابق جلد از جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دورے کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دوطرفہ اور علاقائی امور میں موجودہ بہترین تعاون کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔انہوں نے آئندہ دنوں میں بھی مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔







