نظامِ انصاف کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت کے طور پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور 1LINK (گارنٹی) لمیٹڈ کے ساتھ سہ فریقی معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت عدالتی فیس کی ادائیگی کا ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا
عدالتی نظام میں ڈیجیٹل انقلاب کی سمت اہم قدم، سپریم کورٹ میں کورٹ فیس کی آن لائن ادائیگی کا معاہدہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):نظامِ انصاف کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت کے طور پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور 1LINK (گارنٹی) لمیٹڈ کے ساتھ سہ فریقی معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت عدالتی فیس کی ادائیگی کا ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق معاہدے پر دستخط سپریم کورٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران کئے گئے جس میں رجسٹرار سپریم کورٹ، اعلیٰ عدالتی حکام، سٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن اور 1LINK کے نمائندوں نے شرکت کی۔یہ اقدام سپریم کورٹ کے اصلاحاتی اور ڈیجیٹلائزیشن ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد عدالتی خدمات کو زیادہ مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانا ہے۔
نئے نظام کے تحت وکلا اور سائلین عدالتی فیس اور دیگر قانونی ادائیگیاں الیکٹرانک طریقے سے کر سکیں گے جس سے روایتی دستی اسٹامپ سسٹم بتدریج ختم ہو جائے گا۔حکام کے مطابق اس نظام کے نفاذ سے ادائیگیوں کا عمل تیز، آسان اور شفاف ہوگا جبکہ کاغذی کارروائی میں نمایاں کمی آئے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ انتظامی دباؤ کم ہوگا اور عدالتی خدمات تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔تقریب میں شریک حکام نے ٹیکنالوجی کے استعمال کو ادارہ جاتی بہتری اور عوامی سہولت کے لئے ناگزیر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ڈیجیٹل گورننس اور جدید عدالتی نظام کی طرف ایک اہم سنگ میل ہے۔سپریم کورٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ پیشرفت نظامِ انصاف میں جدت، شفافیت اور سہولت کاری کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کا بنیادی مقصد عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا اور عدالتی خدمات کو قابلِ رسائی بنانا ہے۔







