وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری کا تقریب سے خطاب

لاہور۔23 نومبر(اے پی پی )وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ کرتار پور راستہ کھولنے کے حوالے سے پہل پاکستان نے کی، جنم استھان ننکانہ صاحب کو سکھ مذہب کے چھٹے تخت بنانے کا کا پروگرام ہے جس پر سکھ نمائندوں اور لیڈروں کے فیصلے کا انتظار کریں گے،یوکے ،امریکہ ،کینیڈا کے سکھ یاتریوں کے لئے آن ارائیول ویزہ ہو گا …

لاہور۔23 نومبر(اے پی پی )وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ کرتار پور راستہ کھولنے کے حوالے سے پہل پاکستان نے کی، جنم استھان ننکانہ صاحب کو سکھ مذہب کے چھٹے تخت بنانے کا کا پروگرام ہے جس پر سکھ نمائندوں اور لیڈروں کے فیصلے کا انتظار کریں گے،یوکے ،امریکہ ،کینیڈا کے سکھ یاتریوں کے لئے آن ارائیول ویزہ ہو گا اور اس حوالے سے ہمساےہ ملک بھارت سے بات ہوسکتی ہے،آئندہ سال بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر پاکستانی سکھ برادری سے مشاورت کر کے ڈاک ٹکٹ، سکہ یا دونوں جاری کریں گے،وہ جمعہ کے روز بابا گورونانک کے 549 ویں جنم دن کے موقع پر گوردوارہ جنم استھان میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، پیر نور الحق قادری نے کہا کہ دنیا بھر کی سکھ برادری کو بابا گورونانک کے 549 ویں جنم دن پر مبارکبا د پیش کرتاہوں اور دونوں ملکوں کی طرف سے کرتارپور بارڈر کھولنے کی اچھی خبروں کی بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں،انہوں نے کہا کہ بابا گورونانک تمام مذاہب کو احترام کی نظر سے دیکھتے تھے، بابا جی کی تعلیمات انسانیت کو آپس میں محبتیں بانٹنے کا درس دیتی ہیں،انہوں نے کہا کہ اسلام ہمےشہ امن کا درس دیتا ہے اور ہم جب برصغیر پاک و ہند کے صوفیاءکرام کی طرف دیکھتے ہیں تو خواجہ نظام الدین چشتی اجمیری کے دسترخوان پر مسلمان، سکھ ، ہندو ،عیسائی اکٹھے بیٹھتے تھے،صوفیائے اکرام کا پیغام بھی امن و سکون اور انسانیت کے رشتوں کا ہے ۔