وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کاتوانائی سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب

توانائی میں سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ترقی کے لئے توانائی لائف لائن ہے، پچھلے 15سالوں میں توانائی کے شعبے میں کوئی کام نہیں ہوا
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کاتوانائی سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد ۔ 31 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ توانائی میں سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ترقی کے لئے توانائی لائف لائن ہے، پچھلے 15سالوں میں توانائی کے شعبے میں کوئی کام نہیں ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو توانائی سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تھر میں بجلی کے پیداوار کے حصول کےلئے پہلی مرتبہ عملی اقدامات شروع کئے گئے ہیں جس سے 6600میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی اور ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کا بحران حکومت کو ورثے میں ملا ہے، مسلم لیگ (ن) نے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں سے عوام کو فائدہ ہو گا اور ان کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو 6گھنٹے پر لے آئے۔