وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ آئین میں وزیر اعظم کو اختیار ہے کہ وہ ٹیکنیکل لوگوں کو لے سکتے ہیں، ہو سکتا ہے کہ معاونین اور مشیروں کے حوالے سے قانون سازی ہو، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ملک کی ڈیمانڈ کے مطابق وہ اقدامات اٹھائے ہیں جو آج تک کسی حکومت …

اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ آئین میں وزیر اعظم کو اختیار ہے کہ وہ ٹیکنیکل لوگوں کو لے سکتے ہیں، ہو سکتا ہے کہ معاونین اور مشیروں کے حوالے سے قانون سازی ہو، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ملک کی ڈیمانڈ کے مطابق وہ اقدامات اٹھائے ہیں جو آج تک کسی حکومت نے نہیں اٹھائے، حکومت کو ان کاموں پر کریڈٹ دینے کی بجائے نقطہ چینیاں شروع ہو جاتی ہیں۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس وباءکے باعث خطے میں بہت سارے ممالک مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان جرات مندانہ فیصلوں اور لاک ڈاﺅن پالیسی کی وجہ سے پاکستان میں کورونا کیسز میں واضح کمی ہوئی ہے، حکومت آگے بھی اپنا لائحہ عمل صحیح رکھے گی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رکھیں، ماسک پہنیں، سماجی فاصلہ رکھیں اور کثرت کے ساتھ ہاتھ دھوئیں تاکہ ملک سے وباءکا مکمل خاتمہ ہو سکے اور معیشت چلتی رہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ بہت سارے ممالک میں بے احتیاطی کی وجہ سے وائرس دوبارہ تیزی سے پھیل رہا ہے اسلئے عوام کو چاہیے کہ حکومت کے ساتھ تعاون کرے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ۔ اسد عمر نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کیلئے ضروری ہے کہ وہ اثاثے ظاہر کریں اور پی ٹی آئی کے اراکین نے 2013ءکے انتخابات سے قبل اپنے اثاثے ظاہر کئے تھے۔ اسد عمر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ملک کا بڑا اثاثہ ہیں اور ہر سال 22 ارب کے قریب ڈالرز پاکستان آتے ہیں جن پر معیشت چلتی ہے اسلئے ضروری ہے کہ انہیں برابری کی سطح پر حقوق ملیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اوورسیز پاکستانیز کے ووٹ ڈالنے کے حق میں عدالت گئی تھی۔