وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے بلوچستان کے گورنر جعفر خان مندوخیل کی ملاقات

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے بلوچستان کے گورنر جعفر خان مندوخیل کی ملاقات

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی جس میں بلوچستان میں مواصلاتی شعبے کی بہتری، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری و مجوزہ منصوبوں اور صوبے کی اہم شاہراہوں کی تعمیر و ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں این۔25 کراچی، کوئٹہ، چمن پاکستان ایکسپریس وے 415 ارب روپے کی لاگت کا اہم منصوبہ ہے جو بلوچستان میں این ایچ اے کے مختلف منصوبوں بالخصوص ژوب بائی پاس اور دیگر اہم شاہراہوں پر پیش رفت پر گفتگو کی گئی ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان ایکسپریس وے منصوبہ کراچی اور کوئٹہ کے درمیان سفر کو مزید آسان اور تیز بنانے کے ساتھ دونوں شہروں کے درمیان فاصلہ بھی کم کرے گا، این۔25 کراچی، کوئٹہ، چمن پاکستان ایکسپریس وے بلوچستان سمیت ملک کے اہم تجارتی روٹس میں شامل ہوگا اور اس کی تکمیل سے خطے میں تجارت، آمدورفت اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی، کوئٹہ، چمن پاکستان ایکسپریس وے این۔25 کا اور حکومت بلوچستان میں نیشنل ہائی وے کے منصوبوں کی تکمیل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر صوبے میں جدید اور محفوظ شاہراہوں کا نیٹ ورک ملکی ترقی اور علاقائی تجارت کے لیے انتہائی اہم ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزارت مواصلات اور این ایچ اے بلوچستان میں جاری منصوبوں کی پیش رفت کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں جبکہ صوبے میں مواصلاتی سہولیات کی بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے بلوچستان میں نیشنل ہائی وے کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں کی تعمیر و ترقی کے لیے این ایچ اے کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے این۔25 پاکستان ایکسپریس وے کے حوالے سے وفاقی حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے لیے این ایچ اے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے اور صوبے میں شاہراہوں کے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو بہتر سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔