وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سےپاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔منگل کووزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں گرین کمپیکٹ کے نفاذ اور آئندہ لائحہ عمل پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگ سے برطانوی ہائی کمشنرکی ملاقات، گرین کمپیکٹ کے نفاذ اور آئندہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سےپاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔منگل کووزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں گرین کمپیکٹ کے نفاذ اور آئندہ لائحہ عمل پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گرین کمپیکٹ برطانیہ اور پاکستان کےدرمیان 35 ملین پائونڈ مالیت کا ایک دوطرفہ موسمیاتی تعاون کا فریم ورک ہےجس کا مقصدپاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے اور موسمیاتی مزاحمت کو مضبوط بنانا ہے۔ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر نے گرین کمپیکٹ کے ایکشن پلان پر بریفنگ دی اور اس کے اہم اہداف اور مجوزہ شعبہ ہائے تعاون سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ گرین کمپیکٹ کے تحت ایسےاقدامات اور منصوبے تشکیل دیے جانے چاہئیں جو عوام کے لیے موثر اور دیرپا نتائج پیدا کریں۔وفاقی وزیر نے ہائی کمشنر کواسلام آباد میں گرین یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں اٹلی سمیت مختلف بین الاقوامی شراکت داروں اور آرکٹک سرکل سے وابستہ اداروں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ڈاکٹر مصدق ملک نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں وزارت موسمیاتی تبدیلی وماحولیاتی ہم آہنگی کے تعاون سے قائم گرین ٹیک ہب کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ اس اقدام کامقصد گرین ٹیکنالوجیز اور پائیدارکاروباری منصوبوں پر کام کرنے والے نوجوان کاروباری افراد کی معاونت کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف گرین انٹرپرینیورشپ تک محدود معاونت فراہم کرنا کافی نہیں بلکہ انہیں تحقیق، جدت اور ایسے عملی حل پیدا کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جانے چاہئیں جو ماحولیاتی اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں۔ جین میریٹ نے وفاقی وزیر کو برطانیہ کے یوتھ انٹرپرینیورشپ پروگرامز اور برطانوی ہائی کمیشن کے اشتراک سے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جن کا محور موسمیاتی مزاحمت اور ماحول دوست حل کو فروغ دینا ہے۔ملاقات میں ابتدائی وارننگ سسٹمز کو مزید موثر بنانے اور موسمیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کو بہتر بنانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔








