اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیرِ صدارت علامہ محمد اقبالؒ کی 150ویں سالگرہ منانے کے حوالے سے قائم نیشنل کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں علامہ اقبالؒ کے ساتھ ساتھ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 2026 میں 150ویں سالگرہ (جشنِ ولادت) …
وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی زیرِ صدارت علامہ محمد اقبالؒ کی 150ویں سالگرہ منانے کے حوالے سے قائم نیشنل کمیٹی کا اہم اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیرِ صدارت علامہ محمد اقبالؒ کی 150ویں سالگرہ منانے کے حوالے سے قائم نیشنل کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں علامہ اقبالؒ کے ساتھ ساتھ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 2026 میں 150ویں سالگرہ (جشنِ ولادت) سے متعلق قومی سطح کی تقریبات کے انعقاد پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ سال 2026 کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کا سال قرار دیا جائے گا اور قائداعظمؒ کی 150ویں سالگرہ کو قومی سطح پر شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ تقریبات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی قائم کی جا رہی ہے جو پانچ دن کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تقریبات کو بامقصد اور مؤثر بنانے کے لیے مربوط حکمتِ عملی اختیار کی جائے تاکہ ان کا اثر محض رسمی نہ رہے بلکہ فکری اور تربیتی پہلو بھی اجاگر ہوں۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ قائداعظم کا وژن ہی پاکستان کی مکمل رہنمائی کرتا ہے اور ان کے اصول اتحاد، ایمان اور تنظیم کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قائداعظمؒ کی زندگی اور قیامِ پاکستان کے لیے ان کے کردار کو نمایاں کرنے کے لیے معیاری ڈرامہ سیریز بھی تیار کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظم کے افکار آج کے پاکستان کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور حکومت کا پروگرام’’اُڑان پاکستان‘‘ بھی قائداعظمؒ کے وژن پر مبنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجوزہ تقریبات محض تقاریب تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ ان کے ذریعے قائداعظمؒ کے پیغام کو نئی نسل تک مؤثر انداز میں منتقل کیا جانا چاہیے۔اجلاس میں شریک اراکین نے قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کی فکر و فلسفے کو قومی تعمیر و ترقی سے جوڑنے اور عوام، خصوصاً نوجوانوں میں فکری بیداری پیدا کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔








