وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد میں ’’نو چائلڈ لیفٹ بیہائنڈ‘‘ مہم کا آغاز کر دیا

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفاقی دارالحکومت میں تعلیم تک رسائی کو مضبوط بنانے کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر آئی سی ٹی سطح پر ’’نو چائلڈ لیفٹ بیہائنڈ‘‘ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ ایک ہدفی اور مقررہ مدت پر مشتمل اقدام ہے جس کا مقصد اسلام آباد کی حدود میں ہر سکول سے …

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفاقی دارالحکومت میں تعلیم تک رسائی کو مضبوط بنانے کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر آئی سی ٹی سطح پر ’’نو چائلڈ لیفٹ بیہائنڈ‘‘ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

یہ ایک ہدفی اور مقررہ مدت پر مشتمل اقدام ہے جس کا مقصد اسلام آباد کی حدود میں ہر سکول سے باہر بچے کو داخلہ دلانا اور سب کے لیے پائیدار اور معیاری تعلیمی مواقع یقینی بنانا ہے۔ یہ مہم وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سربراہی میں شروع کی گئی ہے اور حکومت کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے جو آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 25-اے کے تحت ہر بچے کو مفت اور لازمی تعلیم کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس اقدام کو ’’شمولیت اور جوابدہی کا مشن‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت زیادہ سے زیادہ وسائل بروئے کار لائے گی، ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنائے گی اور جدید حکمت عملی اپنائے گی تاکہ آئی سی ٹی میں کوئی بھی بچہ غربت، سماجی رکاوٹوں، معذوری یا دیگر مسائل کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں زیادہ سے زیادہ بچوں کی نشاندہی کر کے انہیں دوبارہ سکول لانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

فیڈرل ایکشن پلان برائے آئوٹ آف سکول چلڈرن (2025-2030) کے تحت آئی سی ٹی سطح پر اس مہم کے دوران یونین کونسل کی سطح پر گھر گھر سروے اور جامع نقشہ سازی کے ذریعے سکول سے باہر بچوں کی درست نشاندہی اور رجسٹریشن کی جائے گی۔ سیکنڈ شفٹ، تیز رفتار تعلیمی پروگرامز اور متبادل تعلیمی راستوں کا دائرہ کار بڑھا کر سکولوں میں گنجائش میں اضافہ کیا جائے گا۔ شفافیت، جوابدہی اور قابل پیمائش پیش رفت کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈز اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ سسٹمز نافذ کیے جائیں گے۔

والدین، کمیونٹی رہنمائوں، سول سوسائٹی اور ترقیاتی شراکت داروں کو متحرک کر کے اس قومی مقصد میں مشترکہ ذمہ داری کو فروغ دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ محض اعلان نہیں بلکہ ایک عملی اور قابل پیمائش عزم ہے، ہم زیادہ سے زیادہ داخلہ، مستقل حاضری اور معیاری تعلیمی نتائج کو یقینی بنائیں گے، ہمارا ہدف واضح ہے ، آئی سی ٹی میں تعلیمی محرومی کا خاتمہ۔

وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت تمام متعلقہ فریقین بشمول تعلیمی حکام، اساتذہ، میڈیا نمائندگان اور کمیونٹی اراکین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس انقلابی اقدام کی بھرپور حمایت کریں اور اسلام آباد کے ہر بچے کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔