اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی مبینہ شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس انتہائی غم کے لمحے میں حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام برادر ملک ایران کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری تعزیتی پیغام میں انہوں نے ایران کی …
وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی مبینہ شہادت پر اظہارِ تعزیت

مزید خبریں
اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی مبینہ شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس انتہائی غم کے لمحے میں حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام برادر ملک ایران کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری تعزیتی پیغام میں انہوں نے ایران کی قیادت اور باہمت عوام سے دلی اور گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سربراہانِ مملکت یا حکومت کو نشانہ بنانا بین الاقوامی اصولوں اور دیرینہ سفارتی کنونشنز کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ایسے اقدامات عالمی استحکام کو نقصان پہنچاتے،کشیدگی کو ہوا دیتے اور پُرامن بقائے باہمی کے بنیادی اصولوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کا احترام ہر صورت مقدم رہنا چاہیے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور اس ناقابلِ تلافی نقصان پر ایرانی عوام کو صبر، استقامت اور اتحاد عطا فرمائے۔ انہوں نےپاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرسکون، پُرامن اور متحد رہیں، کیونکہ یہ پورے خطے کے لیے حساس وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوغت، دانشمندی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا چاہیے، ہماری طاقت اتحاد، تحمل اور امن کی پاسداری میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اقوام کے درمیان استحکام، وقار اور باہمی احترام کا داعی رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے خطے کو مزید انتشار سے محفوظ رکھے اور ہم سب کو امن اور انصاف کی راہ پر چلنے کی توفیق دے۔یاانصاف کی راہ دکھائے۔








