اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس مولاناعبدالواسع نے پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی فائونڈیشن ( پی ایچ اے ایف) اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاسوں کی صدارت کی۔ ان اجلاسوں کے دوران بورڈز نے محکموں کی جانب سے بورڈ ممبران کے سامنے رکھے گئے مختلف ایجنڈوں پر تبادلہ خیال کیا۔
بورڈ ممبران نے محکموں کے مختلف جاری منصوبوں سے متعلق مختلف امور اور معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانا عبدالواسع نے ایف جی ای ایچ اے کو ہدایت کی کہ منصوبوں پر تعمیراتی کام کو تیز کیا جائے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور انہیں جلد از جلد الاٹیوں تک پہنچایا جائے۔
مولانا عبدالواسع نے کہا کہ منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل ضروری ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر ہائوسنگ نے تمام زیر التواء سکیموں پر فوری طور پرکام دوبارہ شروع کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ بغیر کسی تاخیر کے جلد از جلد فلیٹس اور پلاٹ سرکاری ملازمین کے حوالے کیے جاسکیں۔
اجلاس میں وزارت ہائوسنگ، پی ایچ اے ایف، ایف جی ای ایچ اے، وزارت قانون، وزارت خزانہ اور دیگرمتعلقہ محکموں کے حکام نے بھی شرکت کی۔