گجرات ،13 دسمبر (اے پی پی):ممبر ایڈوائزری بورڈ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا نے کہا ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے قیام کا مقصد لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے ، ادارہ بڑی کامیابی سے درخواست گزاروں کے مسائل حل کرکے ان کیلئے آسانیاں پیدا کر رہا ہے۔ درخواست گزار صرف سادہ کاغذ یا ہماری ایس ایم ایس سروس پر اپنی شکایت درج کروائیں۔ہم شکایت کنندہ کا ہرطرح سے تحفظ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات چیمبر آف کامرس میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر کو پروموٹ،انڈسٹری کو تحفظ اور سرمایہ کاری کے عمل کو بڑھانے کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ایف بی آر میں پائی جانے والی قانونی پیچیدگیوں،بد انتظامی کو ختم اور ٹیکس کی ادائیگی کے عمل کو شفاف بنایا جارہاہے،از خود نوٹس کا اختیار استعمال کرتے ہوئے سيکڑوں زیر التوا کیسز کو نمٹایا اور بيرون ملك پاکستانیوں کی شکایات کا فوری ازالہ کر کے وطن کی محبت ميں اضافہ كيا،انہوں نے بتایا کیا کہ حا لیہ جمع شدہ سالانہ ٹیکس ریٹرن کے مطابق 24 کروڑ عوام میں سے صرف 19لاکھ افراد ٹیکس ادا کر رہے ہیں اور ان میں سرکاری ملازمین شامل ہیں
جبکہ ديگر ٹیکس گزاروں میں اضافہ بالکل نہ ہونے کے برابر ہے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ملک کے تمام افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کی ضرورت ہے اسی صورت میں ہم پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات بھی ہمیں ٹیکس ادا کرنے کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے گوجرانوالہ سمیت آٹھ بڑے شہرں میں وفاقی ٹیکس محتسب کےکیمپ آفسزکام کر رہے ہیں۔