اسلام آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی) وفا قی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی ،اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدرات بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہوائی اور زمینی سفر کے ذرائع ، مساوی انداز سے تعمیراتی صنعت سے متعلق شعبہ جات کو مرحلہ وار کھولنے، کھلنے والے شعبہ جات کے اثرات، کرونا وائرس …
وفا قی وزیر اسد عمر کی زیر صدرات نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اعلی سطحی اجلاس، وفاق ، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ وزارتوں کی جانب سے آراءاور تجاویز پیش کی گئیں

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی) وفا قی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی ،اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدرات بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہوائی اور زمینی سفر کے ذرائع ، مساوی انداز سے تعمیراتی صنعت سے متعلق شعبہ جات کو مرحلہ وار کھولنے، کھلنے والے شعبہ جات کے اثرات، کرونا وائرس کے نئے کیسز ، ٹیسٹنگ صلاحیت سمیت دیگر امور پر وفاق ، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ وزارتوں کی جانب سے آراءاور تجاویز پیش کی گئیں، وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران پی ٹی وی سے براہ راست تروایح نشر کرنے ،صورتحال کے مطابق کرونا وائرس سے بچاﺅ ، تحفظ اور آگہی بارے گائیڈ لائینز سے متعلق سٹریٹجک اور ٹیکنیکل پیغامات سمیت مجموعی میڈیا سٹریٹجی سے متعلق این سی او سی شرکاءکو بریفنگ دی گئی۔ این سی او سی میں منعقدہ اجلاس میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں کے چیف سیکرٹریز اور نمائندے ویڈیو لنک کے ذریعہ جبکہ وفا قی وزیر داخلہ بریگیڈ (ر) اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیر اقتصادی امورخسرو بختیار، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرورخان ،وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر ، وفاقی وزیر برائے قومی خوراک و تحفظ فخر امام، مشیر قومی سلامتی معید یوسف، وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد کویڈ19 ڈاکٹر فیصل سلطان، معاون خصوصی تجارت رزاق داﺅد ، این سی اوسی کے نیشنل کوآرڈینٹر لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان سمیت دیگر حکام اجلاس میں شریک تھے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے این سی او سی میں شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو کرونا وائرس سے بچاﺅ اور تحفظ سے متعلق گائیڈ لائن کے حوالے سے سٹریٹجیک اور ٹیکنیکل پیغامات بنائے ہیں ،رمضان کمیونیکیشن سٹریجی کے تحت خصوصی پیغامات پی ٹی وی ، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی پر مشتمل آفیشل میڈیا کے ذریعے ملک بھر کے 22کروڑ عوام تک پہنچائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کے ساتھ ملاقات ہوئی تھی جس میں پی ٹی وی پر براہ راست تراویح نشر کرنے کا طریقہ کار طے کیا گیا اور اسی طریقہ کار کے مطابق پی ٹی وی براہ راست تراویح نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی عمر اسد نے تجویز دی کہ کرونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے ملک کی سیاسی قیادت کے پیغامات ریکارڈ کر کے پی ٹی وی سے نشر کیے جائیں ، وزیراعظم عمران خان، اپوزیشن لیڈر ،سیاسی راہنماﺅں کے پیغامات ریکارڈ کر کے پی ٹی وی سے نشر کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں بھی واضح کہا ہے کہ جتنا زیادہ ممکن ہوسکے گھروں میں رہیں۔ وفاقی وزیر غذائی تحفظ فخر امام نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ذریعے اپوزیشن کو کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال ، حکومت اقدمات سے متعلق اعتماد میں لیا جائے۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت کے اعلان کے بعد خیبر پختونخواہ حکومت نے ایس او پی تیار کرنے کے بعد تعمیراتی صنعت کے کچھ شعبے کھولے ہیں جن میں سینٹری پائپ ، ایلومینئیم اور سٹیل شامل ہے ، دوسر ے مرحلے میں تعمیر اتی صنعت سے متعلق مزید شعبہ جات کھولنے کا فیصلہ ہوا تھا ۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کو بتایا کہ ہم نے این سی او سی میں جن تعمیراتی شعبوں اور کارخانوں کا بتایا تھا وہ ہی کھولے ہیں، اگر تعمیراتی صنعت کے تمام شعبے کھول دیئے گئے تو پنجاب میں تمام مارکیٹیں اور بازار کھل جائیں گے اور رش بڑھنے سے کرونا وائرس میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ سندھ حکومت کے نمائندے نے اجلاس کو بتایا کہ موثر ایس او پیز تیار ہونے کے بعد ہی تعمیراتی صنعت کو مکمل کھولا جائے ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی اور این سی سی میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ تعمیراتی شعبے تمام صوبے یکسوئی سے کھولیں گے تا کہ مقابلے کی فضاءبرقرار رہے ، صوبوں کی آراءکی روشنی میں این سی او سی کے پی کے سے گذارش کرتا ہے کہ وہ فی الوقت تعمیراتی صنعت کے سینٹری پائپ، ایلومنیئیم اور سٹیل انڈسٹری کو بند کر دے ۔ وفاقی وزیر صنعت و پیدوارا حماد اظہر نے وفاقی وزیر اسد عمر کی بات کی تائید کی ۔ سفری ذرائع کے حوالے سے معاملے پر وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ اس وقت صرف مخصوص بین الاقوامی آمدورفت کا عمل جاری ہے ، اندورن ملک پروازوں کا آپریشن جزوی طور پر جاری ہے ،خصوصی پروازیں اور گلگت کے لئے پروازیں جاری ہیں،اندورن ملک محدود آپریشن کی اجازت دینی چاہئے ، لاک ڈاﺅن سے ایوی ایشن صنعت کو بہت نقصان کا سامنا ہے ، ائیر پورٹس پر ایس او پی پر مکمل عمل درآمد ہورہا ہے ۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بسیں ،ویگنیں یا ہائی ایس کے ذریعے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے بہتر ہے کہ ٹرین آپریشن شروع کیا جائے ،ٹرین میں مسافروں کے درمیان پبلک ٹرانسپورٹ کی نسبت بہتر اندازمیں فاصلہ یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ وفاقی وزیر توانائی نے یہ نکتہ اٹھایا کہ بائی روڈ انفرادی یا بڑی گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والوں کی سیکریننگ یا ٹیسٹنگ نہیں ہورہی ہے ۔ کے پی کے حکومت کے نمائندے نے اس معاملے پر کہا کہ اگر ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کرنا ہے تو اس میں ماہرین کی رائے کو بھی لازمی شامل کیا جائے ۔ سندھ حکومت کے نمائندے نے کہا کہ ٹرانسپورٹ بحال کے لئے تمام صوبوں کے یکساں ایس او پی ہونے چاہیں ، 30اپریل تک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہنی چاہیے ۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ سفر کی اجازت دی گئی تو اس میں طبقاتی فرق نہیں رکھا جائے گا کہ امیر کے سفر کے ذرائع کھول دیں اور غریب کے بند رہیں ایسا نہیں ہوگا ۔







