اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ووکیشنل ٹریننگ اور سکل ڈویلپمنٹ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، ہم اپنے ملک کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں اور ہنر کی پہچان اور ان کے فروغ کیلئے سازگار ماحول میسر کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو نیشنل ووکیشنل اینڈ …
ووکیشنل ٹریننگ اور سکل ڈویلپمنٹ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے وفاقی وزیر شفقت محمود

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ووکیشنل ٹریننگ اور سکل ڈویلپمنٹ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، ہم اپنے ملک کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں اور ہنر کی پہچان اور ان کے فروغ کیلئے سازگار ماحول میسر کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن ( نیوٹیک) کے زیر اہتمام ”ماسٹر ٹرینرز ٹریننگ پروگرام” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی ترقی کیلئے ہنر کا فروغ نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے نیوٹیک کے چیئرمین اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو اعلیٰ تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز تیار کرنے کیلئے اس خصوصی پروگرام کا آغاز کرنے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں ہمارے روایتی تعلیمی نظام کو ملازمت حاصل کرنے سے مؤثر طریقے سے منسلک نہیں کیا گیا، اگر ہم بحیثیت ایک قوم آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو یہ ضروری ہے کہ نہ صرف پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے بلکہ انڈسٹری اور صوبائی حکومتیں مل کر ووکیشنل تعلیم و تربیت کے فروغ کیلئے کام کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجود ہ حکومت ملک میں خواندگی کی شرح کو بڑھانے پر خاص توجہ دے رہی ہے جو کہ اس وقت ٹوٹل آبادی کا صرف 58 فیصد ہے۔ نیوٹیک کے چیئرمین سید جاوید حسن نے کہا کہ نیوٹیک ٹی ویٹ سیکٹر کو درپیش مختلف مسائل اور چیلنجز کو پورا کرنے میں سرگرم ہے اور ہم لوکل و انٹرنیشنل مارکیٹ کی افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تربیت کے معیار کو بہتر سے بہترین کرنے میں کوشاں ہیں۔ تقریب سے آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن، یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئس کوٹان، جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر اور ناروے کے سفیر کجیل کند ایرکسن نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ٹرینرز کے معیار کو بہتر بنانے میں بہت مدد ملے گی۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی و معاشی ترقی کیلئے سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کے حوالہ سے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ڈاکٹر ناصر خان نے پاکستان کے ٹی ویٹ شعبہ میں اصلاحات لانے کیلئے اپنے انٹرنیشنل پارٹنر ز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹیک صنعتی ترقی و پیداوار میں اضافے کیلئے اعلیٰ تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کیلئے مختلف اقدامات لے رہا ہے تاکہ ملک کو جلد اقتصادی و معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔ٹیوٹ سیکٹر سپورٹ کے تحت چلائے جانے والے خصوصی تربیتی پروگرام کے تحت مختلف شعبوں سے ماسٹر ٹرینرز تیار کئے جارہے ہیں جو عالمی طور پر انٹرنیشنل ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ کورسز آئی ٹی اے سی سے تسلیم شدہ ہوں گے۔ اس ٹریننگ کا اہتمام میلبررن پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ ، آسٹریلیا اور انسٹیٹیوٹ آف ہاسپٹلٹی مینجمنٹ پاکستان کے زیر انتظام اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نیوٹیک اور ایس ایس پی ٹیوٹ کے اشتراک سے کیا جائے گا۔ ان کورسز کا ڈھانچہ آسٹریلین حکومت کے شعبہ تعلیم و تربیت نے تیار کیا ہے جو ٹیوٹ کی بین الاقوامی تربیتی ضروریات کے مطابق ہے۔ علاوہ ازیں یہ اہلیت کے معیار کے تناظر میں بین الاقوامی بہترین پریکٹسز کے مطابق ہے۔ اس میں 120 ماسٹر ٹرینرز کو آسٹریلوی کمپیٹینسی ببیسڈ ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ فریم ورک کے مطابق سر ٹیفکیٹ فراہم کئے جائیں گے۔ یہ اقدام پاکستان کے قومی ووکیشنل کوالیفکیشن فریم ورک کی معاونت کے ذریعے ماسٹر ٹرینرزکی استعداد کار میں مزید اضافہ کرے گا۔ بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ کے حصول کے بعد یہ ماسٹر ٹرینرز آگے کوکا سکیڈنگ ماڈل ایپروچ کے تحت ملک بھر سے ٹرینرز کو مزید ٹریننگ فراہم کریں گے۔ یہ تربیتی پروگرام ٹیوٹ سیکٹر سپورٹ پروگرام جی آئی زی کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس کیلئے مالی معاونت یورپی یونین کے علاوہ جرمنی اور ناروے کی حکومتوں نے فراہم کی ہے۔








