کینبرا۔20اکتوبر (اے پی پی):کرکٹ آسٹریلیا سی اے کے زیر اہتمام ویمنز بگ بیش لیگ کا نواں ایڈیشن آسٹریلیا میں شروع ہوچکا ہے۔ لیگ میں کل ہفتہ کو ایک میچ کا فیصلہ ہوگاجس میں دفاعی چیمپئن ایڈیلیڈ سٹرائیکرز اور میلبورن سٹارز کی خواتین ٹیمیں کیرن رولٹن اوول، ایڈیلیڈ، جنوبی آسٹریلیا کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی۔
ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کررہی ہیں جن میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز، برسبین ہیٹ،ہوبارٹ ہریکنز ،میلبورن رینیگڈز، میلبورن سٹارز، پرتھ سکارچرز، سڈنی سکسرز اور سڈنی تھنڈر شامل ہیں۔ٹورنامنٹ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرزکی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کے لئے کوشاں ہے۔
ٹورنامنٹ ڈبل رائونڈ روبن اور ناک آئوٹ فائنلز کی بنیاد پر کھیلا جا رہا ہے ۔ ٹورنامنٹ 2 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ 24 ۔2023 کے سیزن میں پہلی بار خواتین کی بگ بیش لیگ کے لیے 3 ستمبر 2023 کو پلیئرز ڈرافٹ کا انعقاد کیا گیا تھا۔لیگ میں فائنل سمیت 59 میچز ہوں گے ۔ ڈبلیو بی بی ایل کے نویں ایڈیشن میں شامل 8 ٹیموں کے درمیان 56 لیگ میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد ناک آئوٹ مرحلے میں ایک میچ ایلیمینٹراور ایک میچ چیلنجر اور ایک فائنل کھیلا جائے گا۔