لندن۔13جنوری (اے پی پی):انگلینڈ میں رواں سال ہونے والے ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی فروخت نے ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق ٹورنامنٹ کے آغاز سے پانچ ماہ قبل ہی ایک لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، جو 2017 میں انگلینڈ میں ہونے والے 50 اوورز ورلڈ کپ کی مجموعی فروخت سے زیادہ ہیں۔12 جون کو شروع ہونے …
ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، ٹکٹوں کی فروخت نے 2017 ورلڈ کپ کا ریکارڈ توڑ دیا

مزید خبریں
لندن۔13جنوری (اے پی پی):انگلینڈ میں رواں سال ہونے والے ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی فروخت نے ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق ٹورنامنٹ کے آغاز سے پانچ ماہ قبل ہی ایک لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، جو 2017 میں انگلینڈ میں ہونے والے 50 اوورز ورلڈ کپ کی مجموعی فروخت سے زیادہ ہیں۔12 جون کو شروع ہونے والے اس ایونٹ کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) خواتین کرکٹ کے لیے ایک ممکنہ انقلابی موسمِ گرماقرار دے رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب حالیہ برسوں میں انگلینڈ کی خواتین فٹبال ٹیم (لائنیسز) اور رگبی کی ریڈ روزز نے غیر معمولی مقبولیت حاصل کی ہے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے 2017 میں لارڈز کے تاریخی فائنل میں 50 اوورز ورلڈ کپ جیتا تھا، تاہم ماہرین کے مطابق خواتین کرکٹ میں حقیقی پیش رفت اس کے بعد متعارف کرائے گئے دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ سے ممکن ہوئی۔اگرچہ انگلینڈ کو رواں سال کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں فیورٹس میں شمار کیا جا رہا ہے، مگر حالیہ عالمی ایونٹس میں ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ انگلینڈ گزشتہ تین ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں فائنل تک نہیں پہنچ سکا، جبکہ گزشتہ سال کے 50 اوورز ورلڈ کپ میں نئی کوچ شارلٹ ایڈورڈز کی قیادت میں سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
شارلٹ ایڈورڈز جو 2009 میں افتتاحی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی میں انگلینڈ کی فاتح کپتان رہ چکی ہیں کا کہنا ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر شائقین کی بھرپور حمایت ٹیم کو ایک بار پھر عالمی اعزاز دلانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے خود 2009 میں ہوم ورلڈ کپ کھیلا ہے اور جانتی ہوں کہ گھریلو حمایت ٹیم اور کھیل دونوں پر کتنا گہرا اثر ڈالتی ہے۔ بھارت میں فائنل کے ماحول کو دیکھ کر اندازہ ہوا کہ ہوم سپورٹ کس طرح تاریخ رقم کر سکتی ہے۔انگلینڈ 12 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا آغاز سری لنکا کے خلاف ایجبیسٹن میں کرے گا۔ اس کے گروپ میں نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور دو کوالیفائر ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
فائنل 5 جولائی کو تاریخی لارڈز گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جبکہ میچز ہیڈنگلے، اولڈ ٹریفورڈ، دی اوول، برسٹل اور ساؤتھمپٹن میں بھی ہوں گے۔انگلینڈ کی کپتان نیٹ سکیور برنٹ نے ٹکٹوں کی ریکارڈ فروخت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین کرکٹ کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ان کے مطابق یہ ناقابلِ یقین ہے کہ اس بار ٹورنامنٹ سے 6 ماہ پہلے ہی 2017 کے پورے ورلڈ کپ سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔
2017 کا ورلڈ کپ خواتین کرکٹ کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ تھا، اور اب لگتا ہے کہ ہم ایک بار پھر اسی طرح کے تاریخی لمحے کے قریب ہیں۔ٹکٹوں کی غیر معمولی فروخت نے اس تاثر کو مزید مضبوط کیا ہے کہ ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 نہ صرف ایک بڑا سپورٹنگ ایونٹ ہوگا بلکہ انگلینڈ میں خواتین کرکٹ کے مستقبل کے لیے بھی ایک فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہو سکتا ہے۔








