اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی)چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ویمن امپاورمنٹ کی طرف سے ایک ماہ پر مشتمل ملک گیر پنک ربن مہم کے دوران مختلف عمارتوں کو پنک رنگ کے برقی قمقموں سے سجایا گیا، جس کا مقصد عوام الناس بالخصوص خواتین کو مرض کی علامات سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ پنک ربن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر آفتاب نے ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر سال اکتوبر کے مہینہ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے طور پر منایا جاتا ہے، اس حوالے سے مختلف آگاہی تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے، رواں ماہ اس حوالے سے مختلف عمارتوں کو پنک رنگ کے برقی قمقموں سے سجایا گیا، سیمینارز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں خواتین کو چھاتی کے سرطان سے بچنے کی مختلف احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری تنظیم مختلف رفاحی اداروں اور ماہرین صحت کے ساتھ ملکر اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اقدامات اٹھاتی ہے اور اس دوران خواتین کو مرض کی حساسیت اور اس سے بچاﺅ کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرتی ہے کیونکہ یہ مرض ابتدائی تشخیص پر قابل علاج ہے اس لئے ہچکچاہٹ کی بجائے خواتین کو فوری طور پر اس مرض کا علاج کرانا چاہئے جس سے شرح اموات کو کم کیا جا سکتا ہے۔