وینزویلا کا انسانی ہمدردی کی امداد پر روس سے اظہارِ تشکر

وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے تباہ کن زلزلے کے بعد امداد فراہم کرنے پر روس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کئی ممالک نے ہمارا ساتھ دیا۔

کراکس۔15جولائی (اے پی پی):وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے تباہ کن زلزلے کے بعد امداد فراہم کرنے پر روس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کئی ممالک نے ہمارا ساتھ دیا۔

تاس کے مطابق انسانی امداد کی وصولی اور تقسیم کے مرکز کے دورے کے موقع پر جہاں روس کے سفیر سرگئی میلیک-باگداساروف بھی موجود تھے، روڈریگیز نے کہا کہ میں ذاتی طور پر روس، دیگر ممالک اور ان کے سفیروں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں وینزویلا کی مدد کی جب بہت سے خاندان اپنے پیاروں سے محروم ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ زلزلے سے بے گھر ہونے والے وینزویلا کے شہری تمام امداد فراہم کرنے والے ممالک کے شکر گزار ہیں۔گزشتہ ہفتے روس کی وزارتِ ہنگامی حالات کے دو طیاروں کے ذریعے 35 ٹن سے زائد امداد جس میں خوراک، خیمے، بنیادی ضروریات کا سامان، موٹر پمپ اور ادویات شامل تھیں، وینزویلا پہنچائی گئی۔واضح رہے کہ 24 جون کو وینزویلا میں آنے والے طاقتور زلزلے کے دوران 7.2 اور 7.5 شدت کے دو جھٹکے 40 سیکنڈ کے وقفے سے محسوس کیے گئے تھے۔ دونوں زلزلوں کے مرکز ریاست یاراکوی میں ایک دوسرے سے تقریباً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر تھے۔14 جولائی تک زلزلے سے 4,734 افراد ہلاک، 16,740 زخمی اور 17,907 بے گھر ہو چکے تھے، اس کے علاوہ 190 عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ 856 کو شدید نقصان پہنچا۔