اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ ٹانک کے عوام کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنے دورہ ٹانک کے موقع پر ضلعی انتظامیہ سے بریفنگ لیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو ہدایات دیں کہ ٹانک کے سٹی روڈ کی تعمیر و مرمت کے کام کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو آمدورفت اور اپنی تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا نہ رہے ۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے میں بہتر ہم آہنگی سے ہی عوامی مسائل حل ہو سکتے ہیں ،ہماری کوشش ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت مل کر عوامی الجھنوں کو سلجھانے میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے ۔ڈپٹی کمشنر ٹانک حمید اللہ خان خٹک نے اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ۔