میلبورن۔14جنوری (اے پی پی):اطالوی ٹینس سٹار، دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر اور سربین ٹینس سٹار اور 24 گرینڈ سلام کے فاتح نوویک جوکووچ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔
دفاعی چیمپئن اٹلی کے جینک سنر نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں چلی کے حریف کھلاڑی نکولس جیری فلول کو شکست دی جبکہ سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے پہلے میچ میں امریکی حریف کھلاڑی نشیش بسواریڈی کو مات دی ۔
آسٹریلیا کے شہرمیلبورن نے میں جاری 113 واں میگا ایونٹ میں منگل کو کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں اطالوی ٹینس سٹار اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چلی کے حریف کھلاڑی نکولس جیری فلول کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(2-7)،6-7(5-7) اور 1-6 سے نہ صرف شکست دی بلکہ ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
جینک سنر کا دوسرے رائونڈ میں مقابلہ میزبان حریف کھلاڑی ٹرسٹن سکولکیٹ سے ہوگا۔ ایک اور میچ میں سربین ٹینس سٹار اور 24 گرینڈ سلام کے فاتح نوویک جوکووچ نے مینز سنگلز ابتدائی رائونڈ میچ میں امریکی حریف کھلاڑی نشیش بسواریڈی کو 6-4، 3-6، 4-6 اور 2-6سے ہرا کرمیگاایونٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا،جہاں فاتح کھلاڑی کا مقابلہ پرتگال کے حریف کھلاڑی جمائمہ فاریہ سے ہوگا۔