ٹنڈوآدم میں 8 محرم الحرام کے جلوس برآمد،عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی

ٹنڈوآدم شہر میں 8 محرم الحرام کے موقع پر جلوس مذہبی عقیدت و احترام اور پرامن ماحول میں نکالے گئے، عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

حیدرآباد۔ 24 جون (اے پی پی):ٹنڈوآدم شہر میں 8 محرم الحرام کے موقع پر جلوس مذہبی عقیدت و احترام اور پرامن ماحول میں نکالے گئے، عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انجمن سفینہ اہل بیت کی زیر سرپرستی چانہیا بارگاہ، حاجی شاہ بارگاہ، علی شاہ بارگاہ سمیت شہر کی مختلف امام بارگاہوں سے جلوس برآمد ہوئے۔ چانہیا بارگاہ سے عمران کربلائی، حاجی شاہ بارگاہ سے رئیس زاہد حسین مری اور علی شاہ بارگاہ سے سید محسن علی شاہ کی قیادت میں نکالے گئے جلوس مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مرکزی امام بارگاہ پہنچے جہاں وہ مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے۔ جلوس کے دوران عزاداروں نے نوحہ خوانی، ماتم اور مجالس میں شرکت کرتے ہوئے حضرت قاسم علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر عمران کربلائی سمیت دیگر بانیانِ جلوس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی اور حق و صداقت کے اصولوں پر قائم رہنے کا درس دیتا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم غلام مرتضیٰ جونیجو نے مختلف جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، روشنی، نکاسی آب سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو تمام ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی، روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔