کراچی۔23جنوری (اے پی پی):مختصر دورانیے کی ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے والا عالمی پلیٹ فارم ٹک ٹاک ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے کو سپانسر کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اتوار کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے آفیشل ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ عبداللہ صدیقی نے اس ترانے کو کمپوز کیا ہے۔
اس شراکت داری کے تحت ٹک ٹاک وہ پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہوگا جہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا یہ آفیشل ترانہ سب سے پہلے لانچ کیا جائے گا۔ یہ ترانہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر شائقین کرکٹ کے جوش و جذبہ کی عکاسی کرتا ہے جو پاکستان سمیت دنیا بھر کو درپیش کوویڈ 19 کی اس غیرمعمولی صورتحال کے دوران شائقینِ کرکٹ کے لیے تفریح کا باعث بنے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ہمیشہ سے ایک الگ فین بیس رہی ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے معیاری ترانوں کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خوب پذیرائی ملتی ہے، وہ اس سال عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کی جوڑی کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ اس ترانے کو سپانسر کرنے پر ٹک ٹاک کے مشکور ہیں،ایچ بی ایل پی ایس ایل نے حال میں ٹک ٹاک کے ساتھ شراکت داری کا دو سالہ معاہدہ کیا جس سے یہ تعلق مزید مضبوط ہوگا۔
پاکستان، مشرقِ وسطی، ترکی اور افریقا میں ٹک ٹاک کے ہیڈ آف برانڈ مارکیٹنگ پال کاترب نے کہا ہے کہ وہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے کو سپانسر کرنے پر بہت خوش ہیں،ٹک ٹاک پاکستان میں موجود کرکٹ کے مداحوں کا گھر بنتا جارہا ہے۔