ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ملک کی نمائندگی کرنے کے خواہش ہے، پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹر بننا عظیم اعزاز ہے،اوپنر بیٹر صاحبزادہ فرحان

راولپنڈی۔22نومبر (اے پی پی):اوپنر بیٹر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ملک کی نمائندگی کرنے کے خواہشمند ہیں کیونکہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹر بننا عظیم اعزاز ہے۔ صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف میچ میں 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم کو ون ڈے …

راولپنڈی۔22نومبر (اے پی پی):اوپنر بیٹر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ملک کی نمائندگی کرنے کے خواہشمند ہیں کیونکہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹر بننا عظیم اعزاز ہے۔ صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف میچ میں 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم کو ون ڈے میں ان کی ضرورت پڑی تو وہ مکمل اعتماد کے ساتھ بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ کرنا ہمیشہ خوشی اور سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

بابر اعظم کو شائقین کرکٹ کی جانب سے جو محبت اور سپورٹ ملتی ہے وہ اس کے پوری طرح مستحق ہیں۔ بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں اور وہ آئندہ میچوں میں اپنا روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے رنز اسکور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل چار سال ٹاپ پرفارمر رہے جبکہ پی ایس ایل میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ فخر زمان اکثر مفید مشورے دیتے ہیں، خاص طور پر یہ کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کبھی بھی ریلیکس نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اگر کھلاڑی پرفارم نہ کرے تو اس کی جگہ کوئی اور لے سکتا ہے۔ صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ وہ ہمیشہ مخالف ٹیم کے سب سے اچھے باؤلر کو پہلے ٹارگٹ کرتے ہیں تاکہ باقی باؤلرز پر دباؤ بڑھ جائے اور اس سے ٹیم کے لیے زیادہ رنز بنانے کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کے لیے مستقل طور پر اچھا کھیل پیش کرتے رہیں گے۔

مزید خبریں